en-USur-PK
  |  
25

اے محنت اٹھانے والو اوربوجھ سے دبے ہوئے لوگو میرے پاس آؤ میں تم کوآرام دونگا

posted on
اے محنت اٹھانے والو اوربوجھ سے دبے ہوئے لوگو میرے پاس آؤ میں تم کوآرام دونگا

 Thursday, April 25, 2013

Come to me, all you who are weary and burdened, and I will give you rest.

اے محنت اٹھانے والو

اوربوجھ سے دبے ہوئے لوگو میرے پاس آؤ

میں تم کوآرام دونگا

میرا جواپنے اُوپر اٹھالو اورمجھ سے سیکھو کیونکہ میں حلیم ہوں اور دل کا فروتن توتمہاری جانیں آرام پائیں گی کیونکہ میرا جو ملائم ہے اورمیرا بوجھ ہلکا (انجیلِ عیسیٰ پارہ متی رکوع 11آیت 28سے 30)۔

                        اگرہماری سمجھ اور بصیرت تیز اور طاقتور ہوتی توہم پر اُن لوگوں کے مصائب دکھ جو ہمارے گرد رہتے ہیں اور وہ ساری بُرائیاں جواُن کی زندگیوں میں پائی جاتی ہیں ۔ہم پر بخوبی ظاہر ہوجاتیں اورہمیں خبردار کرتیں اورہمارے اندر لرزہ پیدا کردیتیں۔ بہت بڑی تعداد ہے ایسے لوگوں کی جوحمال کی طرح اپنے اپنے پوشیدہ بوجھ سے دبے ہوئے ہیں اورخمیدہ کمر لے کر چل رہے ہیں ۔ لیکن نہ توہمارے حواس اور بینائی اتنی تیزہے اور نہ ہم محبت سےاتنے بھر پور ہیں کہ لوگوں کے چہروں کوپڑھ سکیں دیکھ سکیں کہ اُن پر یہ جھریاں کیوں ہیں اوریہ اداسی اورپیلا پن کیا مطلب رکھتاہے؟

                        خدا کی حمد ہوکہ ایک ایسا شخص ہے جو دلوں کوپڑھ سکتاہے اوران کے گراں اورکمر توڑ بوجھ کوبھی۔ وہ خدا کی مجسم محبت کا پیکر عیسیٰ مسیح ہے۔وہ ہمارے گناہوں کی ہمیں سزا نہیں دیتا  نہ ہماری شرارتوں کی وجہ سے ہمیں دھتکارتا ہے۔ راستباز اور متقیوں کی زندگی گزرانے کی جوتمنا تمہارے دلوں میں ہے اسے بھی وہ جانتا ہے اوراُسے وہ ساری وجوہ بھی معلوم ہیں جو ان ناکامیوں کی جڑ ہیں۔ وہ ان زخموں کوابھی اچھا کردیتاہے جوکہ ہر تھکے ماندے اورہارے ہوئے گنہگاروں کے جسم پر نظر آتے ہیں۔

                        سب کی زندگیاں جناب مسیح کے آگے کھلی کتاب ہیں وہ قدوس خدا کے اختیار سے تمہارے اندرجھانک سکتا ہے وہ تم سے محبت کرتاہے اوراپنی طرف آنیکی دعوت دیتاہے۔ قریب آئیے وہ آپ کی مدد کرنے آیا کریگا تفکرات ومشکلات نے آپ کودبارکھا ہے تب توایک چھٹکارا دینے والے کی آپ کوضرورت ہے۔آئیے اورخوف وگناہ سے نجات پائیے!

                        مسیح کے پاس آکر بس اپنی بے بسی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے گناہوں کا اقرار کیجئے توآپ کی رُوح مضطرب تسکین پائے گی۔ ماضی میں جوکچھ ٹوٹ پھوٹ ہوچکی ہے سب وہ درست کردینگے۔

                        وہ اب آپ کو زیادہ دنوں بے دوست وبے دست وپا نہیں رکھنا چاہتا وہ بوجھ اٹھانے میں آپ کا ہاتھ بٹائے گا۔ اپنے ساتھ ایک شراکت اورحصہ داری کی دعوت دیتے ہوئے وہ ہل اورجُوا کے الفاظ استعمال کرتاہے تاکہ کھیت جوتتے وقت ہل کا جُوا جس طرح دوبیلوں کی گردنوں پر ہوتاہے اس سے اس خیال کی تصویر کشی ہوجائےکہ آپ کے ساتھ رہ کر وہ بھی ہرمشکل میں آپ کا ہاتھ بٹاتاہے۔ ایسے باعظمت وقوی مسیح کی رفاقت جب آپ کو میسر ہے توخیال کیجئے کہ یہ کتنی برکت کی بات ہے ۔ مسیح کی پیروی کرنے سے مُقدس خدا سے آپ کا میل ملاپ ہوجائے گا اورخدا آپ کا آسمانی روحانی باپ بن جائے گا۔ شریعت پر عامل بن کر اگرتم یہ سوچ رہے ہوکہ خدا کے حضور راستباز بن سکوگے تویہ تمہاری خام خیال ہے روزہ وعبادت ہمارے اتنے ناقص ہیں کہ ناقابل قبول ہیں ہاں گناہوں کی بخشش کے لئے خدا کے فضل کا مظاہرہ جوصلیبِ مسیح پر ہوا اُس پر ایمان رکھنے سے آزادی پاناممکن ہے۔مسیح اپنی صلیب کا جُوا تم پر دلاتا ہے تاکہ گناہوں سے تمہاری گلو خلاصی ممکن ہوجائے ۔ مسیح کی دائمی محبت اور صلیب آپ کو مسیح سے متحد کردیتی ہے آپ تن تنہا نہیں رہ جاتے بلکہ مسیح کے ساتھ ہوکر آپ ایک اعلیٰ مددگار اورہمیشہ کی زندگی پاسکتے ہیں۔

                        جب جوئے میں دوآدمی جُتیں تودونوں کوایک ہی رفتار برقرار رکھنی پڑتی ہے ورنہ گردن ٹوٹ جائے گی اس لئے جُوئے کے ساتھی کو جوتنے سے پیشتر دیکھ لینا پڑتاہے۔مسیح میں گھمنڈ کا شائبہ نہیں وہ بڑے مسکین اور فروتن ہیں کیونکہ تکبر توشیطان کا خاص گناہ ہے۔ اگرجُوئے میں آپ اُنہیں ساتھی بنالیں توآپ اُنہیں ایک بہتر پرخلوص خادم پائیں گے۔

                        انجیل کی خوشخبری کے لئے زمین تیار کرنے ۔آزادی دینے ۔ سب کی صفائی کرنے۔ تھکے ماندے اورکمزوروں کوزور دینے اور عبادت الہٰی اورخدمت کا اہل بنانے کی طرف مسیح آپ کو دعوت دیتے ہیں۔ یہ سب کام انسان کے بس میں نہیں ہیں۔ مسیح کی ذات سے جوقوت اُبلتی ہے اوراُس کے ساتھ جورفاقت آپ نے اپنائی ہے وہی آپ کوبدل کرکثرت کی زندگی جینے کی توفیق عطا کرے گی۔ چونکہ مسیح بذات خود محبت ہیں اس لئے آپ ان کاجُوا ہلکا آسان اورملائم پائیں گے۔

                        جب مسیح کا فضل آپ کو اپنی گرفت میں لے گا تب ہی آپ کو خوشی اورخدا کی حمد کی توفیق ہوگی اور یہ چیزیں دوسروں کوبھی دے پائیں گے۔ مسیح کا خون پاکی عطا کرکے آپ کی زندگی میں نئی جان ڈال دے گا۔ تب ہی آپ تسکین پائیں گے اور دوسروں کے اداس دلوں کودلاسادے پائیں گے۔

                        یہ رفاقت دوسروں کے دل جیتنے کے قابل آپ کو بنادے گا۔ دنیا کا منجی آپ کے ساتھ مل کر خدا کاشریک کاربن جائے گا اورآپ محبت وامن کا بیج بونے لگ جائیں گے ۔ مسیح کے ساتھ جوئے کا حصہ دار بننے سے زیادہ عزت کی بات اورکیا ہوگی ! اُس کے ساتھ رہنے اور خدمت کرنے میں ہی حقیقی خوشی وراحت ہے!

Posted in: مسیحی تعلیمات, بائبل مُقدس, یسوع ألمسیح, خُدا | Tags: | Comments (0) | View Count: (20792)
Comment function is not open
English Blog